ساڑھے تین منٹ میں پاستا تیار ہونے کا دعویٰ غلط، خاتون کا کمپنی کو ہرجانے کا نوٹس

image

خاتون نے الزام عائد کیا کہ کرافٹ ہینز کمپنی کی جانب سے یہ دعویٰ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے کہ پاستا تیار ہونے میں ساڑھے تین منٹ لگتے ہیں، اس ضمن میں خاتون نے کمپنی پر ہرجانے کی درخواست دے دی، کمپنی سے 5 ملین ڈالر یا 40 کروڑ 80 لاکھ روپے طلب کیے ہیں۔

فلوریڈا : امریکی خاتون نے مقامی فوڈ کمپنی پر پانچ ملین ڈالر کا دعویٰ دائر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے جھوٹ کا سہارا لیا ہے۔ فلوریڈا کی رہائشی امندا رامیرز نامی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ کرافٹ ہینز کمپنی نے یہ کہہ کر قانون کی خلاف ورزی کی ہے کہ ویلویٹا مائیکرو ویو ایبل میک اور پنیر تیار ہونے میں ساڑھے تین منٹ لگتے ہیں۔ کمپنی کی جانب سے یہ دعویٰ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔

خاتون کا مؤقف ہے کہ کمپنی کے تیار کردہ باکس پر لکھا ہوتا ہے کہ ویلویٹا شیلز اور پنیر ساڑھے تین منٹ میں تیار ہو جاتے ہیں یعنی کہ جتنا وقت میکرونی پاستا کو مائیکرو ویو میں پکانے میں لگتا ہے۔ مذکورہ مقدمہ فلوریڈا کے جنوبی ضلع کی عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ پروڈکٹ کو تیار ہونے میں اس سے کہیں زیادہ زیادہ وقت لگتا ہے کیونکہ اسے بنانے کے مراحل زیادہ وقت لیتے۔

اپنی درخواست میں انہوں نے پاستا بنانے کیلئے درکار اجزاء اور مائیکرو ویو اوون میں اس کی تیاری کا طریقہ کار بھی بیان کیا ہے۔ دوسری جانب کرافٹ ہینز کمپنی کے ترجمان نے مذکورہ قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے ایک میڈیا بیان میں اسے ایک غیر سنجیدہ مقدمہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم اس فضول اور بے معنی مقدمے سے آگاہ ہیں اور ہمارے خلاف کی گئی شکایات اور الزامات کا ہم بھرپور دفاع کریں گے۔