عنقریب گمنامی میں چلا جاؤں گا: جنرل( ر ) قمر جاوید باجوہ

image

سابق جنرل نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ عمر بھر کی رفاقت کی تکمیل کے موقع پر اللہ کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے اس عظیم فوج میں ملازمت کا موقع دیا۔

راولپنڈی : تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکباد دی۔ اس موقعہ پر سابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ وہ عنقریب گمنامی میں چلے جائیں گے لیکن فوج سے روحانی رابطہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر سے میری رفاقت 24 سالہ پرانی ہے، وہ حافظ قرآن ہونے کے علاوہ پیشہ ور، باصلاحیت اور اعلیٰ اصولوں کے قابل افسر ہیں، یقین ہے فوج ان کی قیادت میں نئی منازل عبور کرے گی، ان کی تعیناتی مثبت ثابت ہوگی، خوشی ہےکہ فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کر کے جارہا ہوں۔

سابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اپنی فوج پر فخر ہے، جو کم وسائل کے باوجود سیاچن سے لے کر صحرا تک سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے، یہ لسانیت، رنگ نسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہوکر ملک کے چپے چپے کا دفاع کرتی ہے، یقین ہے آنے والے وقت میں فوج جنرل عاصم کی قیادت میں اس سے بڑھ کر ملک کی خدمت کرے گی۔ جب فوج کی کامیابیاں ہوگی خوشی ہوگی اور جب فوج پر مشکل وقت آئے گا میری دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی۔

قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ آج سے 44 سال پہلے میرا فوجی سفر شروع ہوا جو اختتام پذیر ہورہا ہے، اللہ کا شکر ہے اس بہادر اور عظیم فوج میں نوکری کا موقع دیا اور اس کی کمان کی جو اعزاز کی بات ہے، 6 سالہ دور میں ایل او سی کے معاملات، دہشتگردی، امن و امان یا قدرتی آفات کا مقابلہ ہو، اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا، میں نے ان سے جہاں پسینہ مانگا انہوں نے خون دیا، ان کی اسی قربانیوں کی وجہ سے آج ملک امن کا گہوارہ ہے۔