تحقیق میں آلو کے نئے فوائد سامنے آ گئے

image

آلو وزن گھٹانے میں مددگار، نشاستہ (اسٹارچ) سے بھرپور آلو وزن کم کرنے میں معاون، آلوؤں کے ہر 100 گرام میں 80 کے قریب کیلوریز ہوتی ہیں۔

بیٹن روج: موٹاپے سے نجات حاصل کرنے والے افراد کو ماہرین عموماً کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذاؤں سے پرہیز کا کہتے ہیں مگر اب سائنس دانوں کا خیال ہے کہ نشاستہ (اسٹارچ) سے بھرپور آلو وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ایسا اس لئے ہوتا ہے کہ کھانے کے وقت لوگ اتنا ہی کھانا کھاتے ہیں جس سے ان کا پیٹ بھرے، یہ سوچے بغیر کہ اس کھانے میں انہوں نے کتنی کیلوریز حاصل کی ہیں۔ محققین کے مطابق وہ لوگ جو اپنے کھانوں میں آلوؤں کا اضافہ کرتے ہیں، جو کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور اور وزنی ہوتے ہیں، ان کے پیٹ جلدی بھر جاتے ہیں۔ لہٰذا ایسا کرنا ان کو پیٹ بھرنے کے بعد مزید کیلوریز کھانے سے روکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق آلوؤں کے ہر 100 گرام میں 80 کے قریب کیلوریز ہوتی ہیں۔ یہ مقدار گاجر یا بروکلی جیسی سبزیوں میں موجود کیلوریز سے دُگنی سے زیادہ ہے۔ اگر آلو، روٹی، پاستا اور چاولوں کو برابر مقدار میں کھایا جائے تو اس میں ان چیزوں کے مقابلے میں نصف کیلوریز ہوتی ہیں۔ اس معاملے میں محققین نے اس بات کی نشان دہی بھی کی ہے کہ آلوؤں کو پکانے کا طریقہ کار بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے اور آلو کے چپس اور کرسپس سے اجتناب کیا جانا چاہیئے کیونکہ تلنے سے اس کی غذائیت کم ہو جاتی ہے۔

امریکی ریاست لوئیزیانا کے دارالحکومت بیٹن روج میں قائم ایک تحقیقی ادارے سے تعلق رکھنے والی ماہرِ غذا اور تحقیق کی شریک مصنفہ پروفیسر کینڈِیڈا ریبیلو کا کہنا تھا کہ وزن میں بھاری لیکن کیلوریز میں کم غذائیں کھا کر آپ کیلوریز کی کھپت میں بآسانی کمی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تحقیق کا اہم پہلو یہ تھا کہ محققین نے کھانے کا حصہ کم نہیں کیا بلکہ آلوؤں کو شامل کرتے ہوئے کیلوریز کا حصہ کم کیا۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ آلو کو ہنڈیا میں پکا کر کھاتے ہیں، ڈیپ فرائی کر کے یا تل کر نہیں کھاتے، آلو شوربہ بنا کر کھاتے ہیں تو آلو ایک صحت مند خوراک ہے۔ اس میں وٹامن بی 6 اور آئرن اچھی خاصی مقدار میں پائے جاتے ہیں جو کہ آپ کے وزن کو کم کرنے میں کافی زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں۔