صارفین کو آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں 3 ارب 30 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا

image

 

ماہانہ فیول ایڈجسٹمںٹ کی مد میں دائر درخواست پر نیپرا میں سماعت، اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 32 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری، اکتوبر میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 30 کروڑ 36 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔

اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمںٹ کی مد میں دائر درخِواست پر نیپرا میں سماعت ہوئی۔ نیپرا نے اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 32 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ صارفین کوآئندہ ماہ 3 ارب 30 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔

دورانِ سماعت نیپرا حکام نے بتایا کہ اکتوبر میں میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی سے 30 کروڑ 36 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ صرف ایل این جی کی قلت سے 25 کروڑ 98 لاکھ روپے کا بوجھ پڑا۔ نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ 3 سال میں طلب کے مقابلے میں کم ایل این جی فراہم کرنے سے صارفین پر 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں زیادہ ہیں اور خریدنے کی سکت بھی نہیں ہے، اس وقت ملک میں ڈالر ہی نہیں۔

اتھارٹی نے سماعت کے بعد بجلی 32 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی مںظوری دے دی تاہم لائف لائن اور کے الیکڑک صارفین پر اسکا اطلاق نہِیں ہوگا۔ اس حوالے سے نیپرا اتھارٹی بعد میں تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔ واضح رہے کہ سی پی پی اے کی درخواست پر ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی درخواست کی گئی تھی، اضافہ اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ اکتوبر میں 10 ارب 37 کروڑ 72 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، بجلی کی پیداواری لاگت 9 روپے 14 پیسے فی یونٹ رہی۔