بنگلہ دیش کی سعودی عرب سے پیٹرول ادھار دینے کی درخواست

image

بنگلہ دیش کو پٹرول اور خوراک کی خریداری کیلئے ڈالرز کی کمی کا سامنا، ڈالر کے مقابلے میں بنگلادیش کی کرنسی ’’ٹکا‘‘ کی قدر میں تقریباً 25 فیصد کمی، ایم ایف نے بنگلہ دیش کیلئے 4.7 ارب ڈالر قرضے کی منظوری دیدی ہے۔

ڈھاکا: تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کو اس وقت پٹرول اور خوراک کی خریداری کیلئے ڈالرز کی کمی کا سامنا ہے۔ بنگلہ دیش اپنی ضروریات کا نصف پٹرول سعودی عرب سے خریدتا ہے۔ تاہم ڈالرز کی کمی کے باعث بنگلا دیش نے سعودی عرب سے پٹرول ادھار دینے کی درخواست کردی ہے۔

بنگلہ دیش نے سعودی عرب سے مؤخر اقساط میں پٹرول فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ سے ادائیگیوں میں عدم توازن کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے بنگلہ دیش کیلئے 4.7 ارب ڈالر قرضے کی منظوری دیدی ہے، اور پہلی قسط کے طور پر فوری 67 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ 

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی معیشت اس وقت بھی ایشیاء کی مضبوط ترین معیشتوں میں شمار ہوتی ہے تاہم روس یوکرین جنگ سے خوراک اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے ملک کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کی کرنسی ’’ٹکا‘‘ کی قدر میں بھی امریکی ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد کمی ہوئی ہے، جس سے پیٹرول کے تقسیم کاروں اور بجلی کی افادیت کے اخراجات بڑھ گئے ہیں جس کا باقی ماندہ معیشت پر بھی اثر پڑا ہے۔ ملک بھر میں ڈیزل سے چلنے والے کئی پاور پلانٹ بند کردیے گئے جس سے یومیہ 13 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔