تین منٹ میں مکمل چارج اور لمبے عرصے تک چلنے والی لیتھیئم کی دھاتی بیٹری تیار
لیتھیئم دھاتی بیٹری بیس سال تک کارآمد، بیٹری کی تیاری میں لیتھیئم آئن کی بجائے لیتھیئم دھات استعمال کی گئی، بیٹری کا ڈیزائن ایک سینڈوچ سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔
والٹہم: تفصیلات کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے ایک ایسی بیٹری بنا لی ہے جو 20 سال تک خراب نہیں ہو گی۔ اس بیٹری کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ صرف 3 منٹ کے اندر مکمل چارج ہو جاتی ہے۔ اس بیٹری میں لیتھیئم آئن کی بجائے لیتھیئم دھات استعمال کی گئی ہے۔
امریکی ریاست میساچوسیٹس کے شہر والٹہم کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ایڈن انرجی کو بڑے پیمانے پر یہ جدید بیٹریاں تیار کرنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے۔ بیٹریاں تیار کرنے کیلئے کمپنی کو 51 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کی خطیر رقم بھی فراہم کردی گئی ہے۔ یہ بیٹریاں برقی گاڑیوں میں نصب کی جائیں گی۔ اس وقت کی برقی گاڑیوں میں استعمال ہونے والی لیتھیئم آئن بیٹریاں زیادہ سے زیادہ 8 سال کے عرصے تک کارآمدگی رہتی ہیں۔ جبکہ لیتھیئم دھاتی بیٹری 20 سال کے لمبے عرصے تک چلے گی۔
ذرائع کے مطابق بیٹری کا ڈیزائن ایک سینڈوچ سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے۔ اس ڈیزائن کی وجہ سے بیٹری کی منفی الیکٹروڈ پر بننے والے مائیکرو اسٹرکچر سے بچا جا سکے گا۔ لیتھیئم میٹل بیٹری کا اسٹرکچر اسے لمبے عرصے تک کارآمد بنائے گا۔