برازیلی عدالت نے سابق صدر کو سعودی عرب کی جانب سے دیئے گئے تحائف واپس کرنے کا حکم دے دیا

image

عدالت کی جانب سے سابق صدر بولسونارو کو 5 دن کی مہلت، تحائف کی قیمت 32 لاکھ 75 ہزار ڈالر بنتی ہے، برازیلی قوانین کے تحت حکومتی عہدیدار صرف ذاتی نوعیت اور کم ترین مالیت کے تحائف اپنے پاس رکھ سکتے ہیں۔

براسیلیا: (ویب ڈیسک) برازیل کی عدالت نے سابق صدر کو سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے تحائف واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے سابق صدر بولسونارو کو سعودی عرب کے بیش قیمت تحائف واپس کرنے کیلئے 5 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق بولسونارو کو دور صدارت میں سعودی عرب نے ڈائمنڈ جیولری بطور تحفہ دی تھی۔ 

سابق برازیلی صدر کو سعودی عرب کی جانب سے ملنے والے تحائف کی مالیت 32 لاکھ 75 ہزار ڈالر بنتی ہے۔ غیر ملکی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ جیولری اس وقت کے برازیلی وزیر معدنیات اپنے صدر کیلئے سعودی عرب سے لاتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ بعد ازاں صدر بولسونارو کے کہنے پر انہیں چھوڑ دیا گیا تھا۔ برازیلی صدر نے یہ جیولری جمع کرانے کی بجائے اپنے پاس رکھ لی تھی۔ 

برازیلی قوانین کے مطابق کوئی بھی حکومتی عہدیدار صرف ذاتی نوعیت اور کم مالیت کے تحائف کے علاوہ کوئی چیز اپنے پاس نہیں رکھ سکتا۔ صدارت سے محرومی کے بعد بولسونارو پر وفاقی عدالت میں کیس چلایا گیا۔ برازیلی عدالت نے سابق صدر کو متحدہ عرب امارات کی جانب سے ملنے والی 2 قیمتی پستولیں اور سعودی عرب سے ملنے والے تحائف صدارتی محل میں جمع کرانے کیلئے 5 دن کی مہلت دی ہے۔