سورج کی روشنی کو 95 فیصد واپس لوٹانے والا سفید پینٹ تیار
"انتہائی سفید پینٹ" نامی اس پینٹ سے گھروں اور عمارتوں کو ٹھنڈا رکھنا آسان، اس پینٹ کے اندر کیلشیم کاربونیٹ شامل ہے جو الٹرا وائلٹ شعاعوں کو اپنے اندر جذب کر لیتا ہے۔
نیویارک: پینٹ اور روغن ہماری موجودہ زندگی کا اہم حصہ ہیں۔ اسی ضمن میں پوردا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک ایسا پینٹ تیار کر لیا ہے جو سورج کی 95 فیصد روشنی کو واپس موڑ دیتا ہے۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اس پینٹ کے استعمال سے گھروں اور عمارتوں کو ٹھنڈا رکھنا آسان ہو گا جس سے ایئرکنڈیشننگ پر بہت کم خرچ آئے گا۔
اس سے قبل بھی کئی ایسے پینٹ تیار ہو چکے ہیں جن کے اندر ٹیفلون استعمال ہوتا تھا لیکن ان کے فوائد بھی بہت کم تھے اور بعض خامیاں بھی تھیں۔ پوردوا یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے اب جو پینٹ تیار کیا ہے اس کے اندر کیلشیئم کاربونیٹ کا استعمال کیا گیا ہے جو الٹراوائلٹ شعاعوں کو اپنے اندر جذب کر لیتا ہے۔ اس طرح پینٹ پر آنے والی روشنی کی 95 فیصد مقدار لوٹ جاتی ہے۔ جب اسے ایک گھر کے باہر آزمایا گیا تو روایتی پینٹ کے مقابلے میں اس نے دیوار یا چھت کو ڈیڑھ سے دو سینٹی گریڈ تک سرد رکھا۔ لیکن رات کو درجہ حرارت میں غیرمعمولی کمی نوٹ کی گئی۔