ملک بھر میں ناموس رسالت کے دفاع اور آپ ﷺ کی محبت سے اظہار کے لئے ریلیوں کا سلسلہ تاحال جاری
مختلف ممالک کی مسلم برادری سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں سے بھی فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان اور ناموسِ رسالت پہ حملہ کرنے کے خلاف سخت ردِّعمل کے ساتھ احتجاجی و مذمتی ریلیوں کا سلسلہ اپنے عروج کی طرف رواں دواں ہے۔
خوشاب: آج پاکستان کے علاقے ضلع خوشاب میں اصلاحی جماعت کی جانب سے ناموس رسالت کے دفاع اور آپ ﷺ کی محبت سے اظہار کے لئے بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اِس ریلی کی سربراہی اصلاحی جماعت کے سربراہ صاحبزادہ سُلطان کر رہے تھے۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ نے شرکت کی۔ اِس ریلی کی سب سے منفرد بات یہ تھی کہ ریلی کے تمام شرکاء و مظاہرین کی جانب سے انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا گیا اور نہایت پُرامن ریلی دیکھنے کا مشاہدہ ہُوا۔
اصلاحی جماعت کےسربراہ صاحبزادہ سلطان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پیغام دیا اور کہا کہ "اسلام اور بین الاقوامی قوانین کسی ایسی آزادی اظہار رائے کو تسلیم نہیں کرتے جس سے دوسرے کی ہتک ہو۔" آج پوری دنیا کے مسلمانوں کی جانب سے یہ آواز بیک وقت سننے کو مِل رہی ہے کہ ایسی آزادئ اظہارِ رائے کی اجازت قطعاً نہیں ہونی چاہیئے جس سے کروڑوں لوگوں کے ایمان افروز جذبات مجروح ہوتے ہوں۔
مختلف ممالک کی مسلم برادری سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں سے بھی فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان اور ناموسِ رسالت پہ حملہ کرنے کے خلاف سخت ردِّعمل کے ساتھ احتجاجی و مذمتی ریلیوں کا سلسلہ اپنے عروج کی طرف رواں دواں ہے۔
یہ عمل انتہائی شرانگیز اور کروڑوں لوگوں کے جذبات کو مجروح کرنے کا سنگین جرم بھی ہے۔ فرانس کے صدر کے بیان کے بعد نہ صرف فرانس بلکہ پوری دُنیا کے مسلمان متحد ہو گئے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فرانسیسی صدر اپنے بیان پر پوری مسلم اُمہ سے معافی مانگے۔
یاد رہے کہ ترکی کے صدر طیب اردگان نے بھی فرانسیسی صدر کے اسلام مخالف بیان کے ردّعمل کے طور پر حال ہی میں کہا تھا کہ "ترکی اسلاموفوبیا کو قومی سلامتی کا مسئلہ سمجھتا ہے۔ یورپی یونین کی اولین ذمے داری ہے کہ اسلام کے خلاف منافرت کو روکے کیونکہ اس معاملے کو اب مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ "