نوے سال پرانا باغ، جسے لوگ کنہٹی گارڈن کے نام سے جانتے ہیں

image

باغ کا رقبہ 77  ایکڑ پر مشتمل، کنہٹی کا لفظ کبھیکی کے ایک گاؤں کنہٹ سے لیا گیا ہے، جو کہ اصل میں ایک خاص قسم کی چٹان کا نام ہے۔

خوشاب: آج سے تقریبا 90 سال پہلے خوشاب کی تحصیل نوشہرہ میں ڈبلیو ویٹ برن نے اس باغ کو آباد کیا تھا جو کہ یہاں ڈسٹرکٹ انجینئر تھے۔ اس باغ کا رقبہ 77  ایکڑ پر مشتمل ہے۔ کنہٹی کا لفظ کبھیکی کے ایک گاؤں کنہٹ سے لیا گیا ہے، جو کہ اصل میں ایک خاص قسم کی چٹان کا نام ہے۔ کنہٹ چٹان یہاں کثرت سے پائ جاتی ہے۔

کنہٹی گارڈن ایک سکوئر کی شکل کا ہے جسکے تین اطراف میں جنگل اور ایک طرف آبادی ہے۔ یہ باغ بہت سے حصوں پر مشتمل ہے جہاں پر آپ کو مختلف آبشار، مختلف اقسام کے پودے اور جڑی بوٹیاں، اور کئی اقسام کی مچھلیاں یہاں پائی جاتی ہیں۔

یہاں پر ایسے پہاڑ بھی موجود ہیں جن کی مٹی ہزار سال پرانی ہے۔ یہاں پر آبشاروں کے ساتھ ساتھ ٹیوب ویل اور زراعت کے لئے موزوں وسائل موجود ہیں۔پنجاب سالٹ رینج میں آنے والی پرندوں کی سب سے بڑی تعداد بھی اسی علاقے میں بسیرا کرتی ہے۔

کنہٹی گارڈن کی چند منفرد چیزوں کی بات کریں تو یہاں بلند درختوں اور گھاس کی پندرہ پندرہ اقسام، اس کے علاوہ چھ اقسام کی مچھلیاں، پھلدار پودوں کی دس اقسام، پرندوں کی مختلف چھتیس اقسام یہاں موجود ہیں۔ ناصرف یہ بلکہ ایشیائی طوطے بھی بڑی مقدار میں یہاں نظر آتے ہیں۔

یہاں پر پتھروں سے بنے گھر بھی آپ کو ملیں گے جوکہ جدید و قدیم کا خوبصورت امتزاج ہیں۔ کنہٹی باغ میں داخل ہوتے ہی تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ایک آبشار واقع ہے جسکو اس باغ کا تعارف کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ یہ ایک خوبصورت آبشار ہے لیکن یہاں احتیاط ضرور کریں کیونکہ اس کا پانی بہت گہرا ہے۔ پی ٹی ڈی سی کی جانب سے یہاں پر ترقیاتی کام کروایا گیا ہے جس میں گارڈن ویو پوائنٹ جہاں سے پورے باغ کو دیکھا جاسکتا ہے شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہائیکنگ، اونٹ کی سواری، اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کی جانب سے کیمپنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔زیتون یہاں وافر مقدار میں موجود ہے آپ جب بھی جائیں زیتون کا قہوہ ضرور پئیں۔

کنہٹی گارڈن خوبصورت نظاروں اور پرسکون ماحول کی وجہ سے اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں لوگ اپنے دوستوں اور فیمیلیز کے ساتھ آتے ہیں اور زندگی کا لطف دوبالا کرتے ہیں۔