بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ٹریننگ سنٹر میں حاضر سروس کرنل کی خودکشی

image

کرنل نشیتھ کھنہ کی پنکھے سے لٹکی ہوئی لاش کو دروازہ توڑ کر اتارا گیا، خودکشی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، ابتدائی کارروائی کے بعد کرنل کی لاش ان کے آبائی علاقے روانہ کردی گئی ہے۔

نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے فوجی ٹریننگ سینٹر میں خودکشی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کے کمانڈنگ آفیسر نشیتھ کھنہ نے پنکھے سے لٹک کر خود کشی کرلی ہے۔ خودکشی کا یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے جبل پور میں بھارتی فوج کے ٹریننگ کیمپ میں پیش آیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق صبح کے وقت دروازہ نہ کھولنے پر جب کرنل نشیتھ کھنہ کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو پنکھے سے ان کی لاش لٹک رہی تھی۔ لاش کے پاس ایک کاغذ پڑا ہوا تھا جس میں صرف 'سوری' لکھا ہوا تھا۔ لاش کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق بھارتی کرنل کی موت گلے پر رسی کے دباؤ کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق خودکشی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کرنل کھنہ اکتوبر 2022ء میں مدھیہ پردیش میں تعینات ہوئے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مدھیہ پردیش کے فوجی ٹریننگ سینٹر میں خودکشی کرنے والے کرنل نشیتھ کھنہ گزشتہ 4 ماہ سے اپنے بیوی بچوں سے نہیں مل سکے تھے۔ 

کمانڈنگ آفیسر کرنل نشیتھ کھنہ کی لاش ابتدائی کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقے روانہ کر دی گئی ہے۔ واقعے کی تحقیقات کیلئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے میں بھی مدھیہ پردیش کے ایک فوجی ٹریننگ سینٹر میں 29 سالہ کیپٹن نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی تھی۔