بھارتی خواتین کرکٹرز کو ہراسانی کا سامنا

خواتین کرکٹرز سے جنسی تعلقات کا مطالبہ، اکیڈمی کوچ کی آڈیو لیک، گفتگو منظر عام پر آنے کے بعد ملزم نے زہر پی لیا۔
ڈیہرادون: (اسپورٹس ڈیسک) خواتین کیلئے انتہائی غیر محفوظ ملک بھارت میں جنسی ہراسانی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ ڈیہرادون کی ایک مقامی کرکٹ اکیڈمی میں خواتین کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اکیڈمی کے مالک اور کوچ نے تین نوجوان خواتین کرکٹرز سے جنسی تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوچ کی خواتین کیساتھ کال پر نازیبا گفتگو کی آڈیو لیک ہو گئی ہے۔ اکیڈمی کے مالک نے گفتگو منظر عام پر آنے کے بعد زہر پی کر خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے۔ آخری اطلاعات کے مطابق پولیس بیان ریکارڈ نہیں کر سکی کیونکہ ملزم ابھی تک بات کرنے کے قابل نہیں تھا۔
ملزم کو وینٹی لیٹر سے ہٹا لیا گیا ہے تاہم اس کی طبیعت ناساز بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے بھارت میں گزشتہ دنوں غیر ملکی خاتون کو راہ چلتے جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔