بھارتی مسلمانوں کو ایک بار پھر مذہبی تعصب کا سامنا

ہندو بلوائیوں کا بے لگام جلوس، مسجد کا تقدس پامال، بھارتی ریاست کرناٹک میں رام نومی جلوس شرکاء نے مسجد کے سامنے شدید ہنگامہ آرائی کی۔
کرناٹک: (ویب ڈیسک) مودی کا ہندوستان ہر آنے والے دن میں جنونیت کی آخری حدوں کو چھو رہا ہے۔ مسلمانوں کی مذہبی آزادی بھارتی سیکیولر ریاستی دعوؤں میں کہیں کھو گئی ہے۔ گاندھی کے ہندوستان میں شدت پسند ہندو تنظیموں کا راج ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریاست کرناٹک میں رام نومی تقریبات کے سلسلے میں نکالا جانیوالا جلوس مسلمانوں کیلئے اذیت بن گیا۔ جلوس کے شرکاء نے مسجد کے باہر ہنگامہ آرائی کی اور نمازیوں پر فِقرے کسے۔ تاہم معززین علاقہ کے بیچ بچاؤ کروانے پر بڑا تنازعہ تو بچ گیا، لیکن دھکم پیل سے چار افراد زخمی ہوگئے۔
اس واقعے کے فوری بعد علاقے میں مسلم ہندو فسادات پھوٹ پڑے۔ ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں اظہر احمد نامی مسلمان کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا ہے۔ مودی سرکار اس ساری صورتحال سے واقفیت کے باوجود خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ عالمی تنظیموں اور قوتوں نے اگر ایکشن نہ لیا تو خدشہ ہے کہ بڑے پیمانے پر مسلم ہندو فسادات پھوٹ پڑیں گے۔