یوکرین میں روسی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری

image

کیف پر تازہ فضائی حملے میں 3 افراد ہلاک، رواں ماہ کے دوران یوکرینی دارالحکومت پر روس کا یہ 18واں حملہ ہے، حملے سے 1 گھنٹہ قبل سوشل میڈیا پر وارننگ جاری کر دی گئی تھی، روسی فضائیہ کی جانب سے دارالحکومت کیف کے مشرقی مضافات میں واقع یسنیاسکی ضلع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

کیف: (ویب ڈیسک) روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر ایک اور فضائی حملہ کیا گیا ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق جمعرات کو شہر کے مشرقی علاقوں میں رات گئے تازہ فضائی حملوں میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ دارالحکومت کیف کی فوجی انتظامیہ نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ 

روسی فضائیہ کے تازہ حملے میں دارالحکومت کیف کے مشرقی مضافات میں واقع یسنیاسکی ضلع کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ کے دوران یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس کا یہ 18واں حملہ ہے۔ یوکرین کی فوجی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ روس کے تازہ حملے میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں ریسکیو ٹیموں کو عمارتوں کے رہائشیوں کی مدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کیف کے میئر وٹالی کلٹسکو نے ٹیلی گرام پر بھی لکھا ہے کہ ریسکیو عملے نے دھماکوں کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا ہے۔ یوکرین کے مقامی میڈیا اور سوشل میڈیا کے مطابق دارالحکومت کیف میں حکام نے حملے سے 1 گھنٹہ قبل وارننگ جاری کر دی تھی۔ 

اس تناظر میں روسی شہر بیلگوروڈ کے گورنر ویا چسلا وگلاڈکوف نے اعلان کیا تھا کہ جو کوئی بھی چپیکینو شہر چھوڑنا چاہتا ہے وہ شہر کی میونسپلٹی میں درخواست دے سکتا ہے۔ گورنر کا کہنا تھا کہ بچوں، بوڑھوں اور ہر کسی کیلئے چپیکینو کی صورتحال خوفناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ عارضی طور پر شہر کو چھوڑنا چاہتے ہیں، ہم ان تمام لوگوں کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔