گوگل نے لاکھوں ای میل اکاونٹس ڈیلیٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا

image

کمپنی نے یہ فیصلہ صارفین کی سیکیورٹی مضبوط بنانے کیلئے کیا، بنیادی اور لازمی ضرورت کو پورا نہ کرنے والے تمام اکاؤنٹس ڈیلیٹ کیے جائیں گے، ہیکرز کیلئے ایک ترک شدہ اکاؤنٹ فراڈ کرنے کیلئے نسبتاً آسان ہو جاتا ہے۔ 

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق مقبول سرچ انجن گوگل نے لاکھوں ای میل اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسے تمام اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا جو بنیادی اور لازمی ضرورت کو پورا نہیں کرتے۔ کمپنی کی جانب سے یہ فیصلہ اپنے صارفین کی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور سرورز پر جگہ خالی کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کے گوگل نے 2004ء میں جی میل نامی میسجنگ سسٹم شروع کیا تھا۔ صارفین نے اس میسجنگ سسٹم کو تیزی سے اپنا لیا۔ آج یہ دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ای میل سروسز میں سے ایک ہے۔

کمپنی نے اب بہت کم استعمال ہونے والے اکاؤنٹس کو حذف کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمپنی ایسے تمام اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے والی ہے جو 2 سال یا اس سے زائد عرصے سے استعمال نہیں ہوئے۔ اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کے دلائل میں کمپنی کا کہنا ہے کہ ہیکرز کیلئے ایک ترک شدہ اکاؤنٹ کو فراڈ کرنے کیلئے استعمال کرنا نسبتاً آسان ہو جاتا ہے۔