سابق آسٹریلوی کرکٹرز شاہین آفریدی اور بابر اعظم کی تعریفیں کرنے لگے

image

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر ویڈیو جاری، بابر اعظم نے اپنی کارکردگی سے ناقدین کو خاموش کروا دیا ہے، بابر اعظم گزشتہ چند سالوں سے اپنے کھیل میں شاندار تبدیلیاں لائے ہیں، شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ 

میلبورن: (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹرز بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی تعریفیں کرنے لگے ہیں۔ سابق آسٹریلین بلے باز اسٹیو اسمتھ نے شاہین آفریدی اور بابر اعظم کی تعریفوں کے پل باندھ دیے ہیں۔ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں اسٹیو اسمتھ پاکستانی کپتان اور فاسٹ بولر کی تعریف کر رہے ہیں۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے اپنی کارکردگی سے ناقدین کو خاموش کروا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم گذشتہ چند سالوں میں اپنے کھیل میں شاندار تبدیلیاں لے کر آئے ہیں۔ اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز میں ہمیں بابر اعظم کو جلد قابو کرنا ہوگا۔ 

سابق کرکٹر اسٹیو اسمتھ نے شاہین آفریدی کی بولنگ پر بھی کھل کر تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آسٹریلیا کے دورے کے بعد شاہین کے کھیل میں مزید بہتری آئی ہے۔ اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ شاہین آفریدی میں گیم سوئنگ کرنے کی صلاحیت کی بڑی خوبی پائی جاتی ہے۔ سابق آسٹریلوی کپتان نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاہین شاہ آفریدی کی باؤلنگ آسٹریلیا کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔