وزارتِ خزانہ نے 300 روپے فی ڈالر پر بجٹ تیاری کا فیصلہ تبدیل کرلیا

image

 

 

 

 

وفاقی حکومت 290 روپے ڈالر ریٹ پر بجٹ تیار کرے گی، متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری، ڈالر ریٹ میں آنے والی تبدیلی سے حکومتی اعداد و شمار غلط ہونے کا اندیشہ، مجوزہ ڈالر ریٹ پر بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی ایک ٹریلین روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) وزارتِ خزانہ نے بجٹ تیاری کیلئے ڈالر ریٹ 300 روپے رکھنے کے بجائے 290 روپے رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزارتِ خزانہ نے اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کیلئے 290 روپے ڈالر ریٹ کے مطابق تخمینے تیار کئے جارہے ہیں۔ ڈالر ریٹ میں آنے والی تبدیلی حکومتی اعدادوشمار کو غلط کر سکتی ہے۔ ایسی صورت میں حکومت کو سپلیمنٹری گرانٹس جاری کرنا پڑے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے دفاعی بجٹ، فارن ڈیبٹ سروسنگ اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام زد میں آ سکتے ہیں۔ مجوزہ ڈالر ریٹ پر بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی ایک ٹریلین روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ حکومت مجموعی طور پر ڈیبٹ سروسنگ کی مد میں 7.5 ٹریلین روپے مختص کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

دوسری جانب معاشی مشکلات کے باوجود پارلیمنٹیرینز کی اسکیموں کیلئے بھاری فنڈز رکھنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 89 ارب روپے رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ جاری بجٹ کے مقابلے پارلیمنٹرینز منصوبوں کیلئے 19 ارب اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ پارلیمنٹرینز کی اسکیموں کا بجٹ 111 ارب روپے تک بڑھا دیا گیا۔