پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان

image

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کی پریس کانفرنس، پی ٹی آئی کے بہت سارے رہنماؤں کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا دعویٰ، ہمارے نظریے پر پورا اترنے والے رہنماؤں کو پیپلز پارٹی میں جگہ مل سکتی ہے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے جواد حسین نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس بات کا اعلان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا مقصد جواد حسین کو پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر خوش آمدید کہنا ہے۔ 

فیصل کریم کنڈی نے جواد حسین کو بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے بھی پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا ہے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بہت سارے رہنما پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نظریے پر پورا اترنے والے لوگوں کو پیپلز پارٹی میں جگہ مل سکتی ہے۔ 

فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم آج بھی فاٹا اور پاٹا کو ٹیکس سے استثنیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے وفد نے پشاور ریڈیو اسٹیشن کا دورہ کیا ہے۔ 9 مئی کو ہونے والے واقعات میں پشاور ریڈیو اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ یہ ریڈیو اسٹیشن 1930ء میں قائم کیا گیا تھا۔