چینی کمپنی کا پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کا اعلان

image

چینی وفد کی ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امین اللہ بیگ کے ساتھ ملاقات، پاکستان میں کاریں ٹرانسپورٹ کا اہم ذریعہ ہیں جبکہ عالمی قیمتوں میں اضافے کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھی ہیں، مینوفیکچرنگ یونٹ اور شورومز قائم کرنا کمپنی کے مفاد میں ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چین کی الیکٹرک کار ساز کمپنی نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کا پلانٹ اور ملک کے بڑے شہروں میں شور رومز قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ سنکیانگ جنگی چینگ گروپ کے اسسٹنٹ چیئرمین جی یو زونگ کوان کی زیر سربراہی وفد نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امین اللہ بیگ کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر جی یو زونگ کوان نے کہا کہ وہ پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کے وفاقی دفتر کے چیئرمین امین اللہ بیگ نے چینی کمپنی کی ٹیم کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ چینی کمپنی نے بتایا کہ مینوفیکچرنگ یونٹ اور شورومز قائم کرنا کمپنی کے مفاد میں ہے اور یہ طویل مدتی کاروباری منصوبے کا حصہ ہے۔ سنکیانگ جنگی چینگ گروپ 5 صنعتوں میں مصروف عمل ہے، جن میں الیکٹرومیکنیکل اور ہائیڈرولک، لائٹ پاور، گاڑیوں، عالمی تجارت اور پیدوار اور خدمات شامل ہیں۔

جی یو زونگ کوان نے بتایا کہ پاکستان میں کاریں ٹرانسپورٹ کا اہم ذریعہ ہیں جبکہ عالمی قیمتوں میں اضافے کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھی ہیں، جس کے سبب صارفین کی توانائی کے نئے ذرائع پر منتقلی ناگزیر بن چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طویل مدت میں الیکٹرک کاروں کے استعمال سے پیٹرول کے مقابلے میں ایندھن کی لاگت میں بہت زیادہ بچت ہوگی۔ مزید کہا کہ سنکیانگ جنگی چینگ گروپ گاڑیوں میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ نئی جدت لانے پر زور دیتا ہے۔