ایل این جی کی درآمد میں 24 فیصد اضافہ

image

مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ملک میں 14 لاکھ 86 ہزار ٹن ایل این جی درآمد ہوئی، براہ راست سرمایہ کاری میں 16 فیصد نمو ریکارڈ کی گئی، اگست میں ملک کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 234 ملین ڈالر تھا۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ایل این جی کی درآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے او سی اے سی اور انڈسٹری نے اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں ملک میں 14 لاکھ 86 ہزار ٹن ایل این جی کی درآمد ریکارڈ کی گئی ہے۔ 

ایل این جی کی حالیہ درآمد گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔ دوسری جانب ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 16 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی اور اگست میں ملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 2 سو 34 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

براہ راست سرمایہ کاری کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں براہ راست سرمایہ کاری 16 فیصد زیادہ ہوئی ہے۔ مزید برآں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں اگست کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 7 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔