اسلام آباد ہائیکورٹ کا عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر ایف آئی اے سے جواب کا مطالبہ

image

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا ایف آئی اے سے جواب کا مطالبہ، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری، کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کی۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کر دیا۔ سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کی۔ عمران خان کی جانب سے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے بار بار جلد سماعت کی استدعا کی گئی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ایک طریقہ کار موجود ہے، کیس مقرر ہو جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023ء کو توشہ خانہ کیس میں 3 سال کی سزا کے بعد لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا اور پھر انہیں اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا، بعد ازاں ایف آئی اے نے بھی 19 اگست کو سائفر کیس میں عمران خان کو گرفتار کر لیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں جوڈیشل عدالت کی سزا معطل ہونے کے باوجود عمران خان کی رہائی ممکن نہیں ہو سکی تھی کیونکہ ان پر سائفر گمشدگی کا کیس بھی عدالتوں میں زیر سماعت ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی اسپیشل عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین کر رہے ہیں۔