ایشین گیمز میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز
والی بال میں منگولیا کو شکست، پاکستان نے 3-0 سے فتح اپنے نام کی، 19ویں ایشین گیمز کی میزبانی چین کر رہا ہے۔
شنگھائی: (اسپورٹس ڈیسک) چین میں ہونے والے 19 ویں ایشین گیمز کے والی بال ٹورنامنٹ میں پاکستان نے کامیاب آغاز کیا ہے۔ پول ڈی کے میچ میں قومی ٹیم نے منگولیا کو 0-3 سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلا گیم 17-25 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں 19-25 سے کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرے گیم میں 20- 25 سے کامیابی اپنے نام کی ہے۔
پاکستان اپنا دوسرا میچ تائیوان کے خلاف (کل ) بدھ کو کھیلے گا۔ گروپ میں ابتدائی دو ٹیموں میں آنے کی صورت میں پاکستان راؤنڈ آف 12 کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔ ایونٹ کی تیاریوں کیلئے پاکستان والی بال ٹیم نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کمپلیکس اسلام آباد میں طویل کیمپ لگایا، جس میں پلیئرز نے اپنا کھیل بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
ٹیم کے ہیڈ کوچ ایسانائی ریماریز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 3 ماہ بھرپور ٹریننگ کی، ایونٹ کیلئے تیار ہیں۔ ایشین گیمز سے قبل ایشین چیمپئن شپ میں بھی تجربہ اچھا رہا، ایشین گیمز کیلئے اب زیادہ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پُر امید ہیں کہ ٹیم پاکستان ایشین گیمز میں اچھے نتائج کے ساتھ وطن واپس آئے گی۔