جعلی اکاؤنٹس سے نمٹنے کیلئے ٹوئٹر کی نئی حکمت عملی

image

ٹوئٹر کے تمام صارفین سے فیس وصولی کا منصوبہ، ایکس کے 550 ملین صارفین ہر ماہ پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں، ایکس امریکہ میں منی ٹرانسمیٹر لائسنس حاصل کرنے پر بھی کام کر رہا ہے۔

نیویارک: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ایلون مسک نے مستقبل میں ایکس استعمال کرنے والے تمام صارفین کو ماہانہ فیس ادا کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔ ایلون مسک کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے جعلی اکاؤنٹس کے مسئلے سے نمٹنا جا سکے گا۔  یہ بات ابھی تک واضح نہیں کی گئی کہ یہ فیس کتنی ہوگی۔ 

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ گفتگو کے دوران مسک نے ایکس کے بارے میں کچھ اعداد و شمار کا بھی انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایکس کے اب 550 ملین صارفین ہیں جو ہر ماہ پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں اور ہر روز 100 سے 200 ملین پوسٹیں تخلیق کرتے ہیں۔ نیتن یاہو کے ساتھ مسک کی ملاقات کا بنیادی مقصد مصنوعی ذہانت جیسی جدید ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مسک کو ایکس پر نفرت انگیز تقاریر اور صیہونیت مخالف مواد روکنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہ کرنے پر شہری حقوق کے گروپوں کی جانب سے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہاں تک کہ انہوں نے ایکس کی آمدنی پر منفی اثر ڈالنے کیلئے ایک صیہونی تنظیم اینٹی ہتک عزت لیگ (اے ڈی ایل) کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کے امکان کا بھی ذکر کیا۔ اب تک مسک یا ایکس کارپوریشن کی جانب سے اے ڈی ایل کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ دائر کیا گیا ہے اور نہ ہی انہوں نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ کیا ہے۔