یو این جنرل اسمبلی اجلاس، قرض میں پھنسے ممالک کیلئے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا: نگران وزیراعظم
اقوام متحدہ کے زیر اہتمام پائیدار ترقیاتی اہداف سے متعلق لیڈرز ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی اہداف حصول کیلئے کمزور ملکوں کو وسائل فراہم کرنے ہوں گے۔
نیویارک: (بین الاقوامی ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر عالمی ترقیاتی تعاون پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشئیٹو کیلئے پاکستان کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشئیٹو پر عمل درآمد سنگ میل ہے، چین کا بیلٹ اینڈ روڈ اقدام اور سی پیک پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غذائی پیداوار، انفرا اسٹرکچر، سرمایہ کاری، صنعت کاری اور صحت کے شعبوں میں اقدامات کرنا ہوں گے۔
دورے کے موقع پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان اقوام متحدہ (یو این) جنرل اسمبلی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ایران سے قریبی دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کا فروغ چاہتے ہیں۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نیو یارک میں امریکی صدر جو بائیڈن کے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ امریکی صدر کی جانب سے دنیا بھر سے آئے سربراہانِ مملکت کے اعزاز میں عشائیہ دیا جا گیا جس میں وزیراعظم اوران کی اہلیہ کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ اس عشائیہ میں صرف سربراہان مملکت،خواتین اول یا مرد اول کو دعوت دی گئی تھی۔