عمران ریاض کی بازیابی کا معاملہ: آئی جی پنجاب کو 26 ستمبر تک کی آخری مہلت
لاہور ہائی کورٹ نے عمران ریاض کو بازیاب کرانے کے لیے آئی جی پنجاب کو 26 ستمبر تک آخری موقع دے دیا، چیف جسٹس نے عمران ریاض کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔
لاہور: (نیو ڈیسک) ہائی کورٹ میں اینکرپرسن عمران ریاض کی بازیابی کے لیے ان کے والد کی درخواست پر سماعت ہوئی جہاں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب عثمان انور اور عمران ریاض کے والد کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ آئی جی صاحب! مغوی کدھر ہیں، 5 ماہ گزر گئے ہیں، میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، انہوں نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کو 26 ستمبر تک کی آخری مہلت دے دی۔
آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا ہے کہ صوبائی انٹیلیجنس چیف لاہور میں موجود نہیں تھے، اب جمعہ کے روز ورکنگ گروپ کا دوبارہ اجلاس ہے، عدالت ہمیں اگلے ہفتے تک کا وقت دے، دوران سماعت عمران ریاض کے والد کے وکیل میاں علی اشفاق نے کہا کہ صرف 24 گھنٹے کا وقت دے دیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہمارا بھی صبر جواب دے چکا ہے۔ اور کیس کی مزید کارروائی 26 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے بعد ملک بھر سے ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں صحافی عمران ریاض کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا، گرفتاری کے بعد عمران ریاض کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔ صحافی کے والد نے بیٹے کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی، لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس امیر علی بھٹی نے انسپکٹر جنرل آئی جی پنجاب کو عمران ریاض کی بازیابی کے لئے 26 ستمبر تک کی مہلت دی ہے۔