شرجیل انعام میمن بڑی مشکل میں پھنس گئے

image

سپریم کورٹ کا نیب ترامیم کے خلاف فیصلہ، شرجیل انعام میمن کے کرپشن کیسز دوبارہ کھل گئے، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم و گواہان کو طلب کر لیا ہے۔

کراچی: (نیوز ڈیسک) سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے کرپشن کیسز دوبارہ  کھل گئے ہیں اور ان کا ٹرائل  شروع ہوگیا ہے۔ احتساب عدالت نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کیخلاف محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کے کرپشن ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پہلے سے دائر شدہ نیب ترمیم کے تحت دائرہ اختیار چیلنج کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیب ترامیم سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ کل سپریم کورٹ کا حکم نامہ ملا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا جائے گا۔ اب تو نیب ترامیم ختم کر دی گئی ہیں اور سپریم کورٹ کا حکم نامہ بھی سامنے ہے۔

معزز جج نے مزید کہا کہ ریفرنس کا ٹرائل جہاں رکا تھا وہیں سے شروع کیا جائے گا۔ گواہان کو بلاتے ہیں اور ریفرنس کو چلاتے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان اور ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔