اقوام متحدہ میں پاکستان کو مسٸلہ کشمیر پر بات کرنے کا موقع ملے گا: منیر اکرم

image

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی میڈیا سے گفتگو، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مختلف کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا، ایشیائی ریاستوں کی اقتصادی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے، ہماری بھرپور توجہ شمالی ممالک کی طرف سے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ ماحولیاتی معاہدوں کو یقینی بنانے پر مرکوز ہوگی۔ 

نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا ہے کہ جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس میں مسٸلہ کشمیر پر پاکستان کو اپنا نقطہء نظر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر، افغانستان کے بحران، اسلام مخالف پروپگنڈے، مشرق وسطیٰ کے مسئلے، ماحولیات اور معیشت سمیت بنیادی عالمی مسائل کے بارے میں پاکستان کو اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ 

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ اس موقع پر پائیدار ترقی کے اہداف کے بارے میں سربراہ کانفرنسز، ماحولیات کے بارے میں سربراہ کانفرنس، وبائی امراض سے بچاؤ، عالمی سطح پر طبی سہولتوں کی فراہمی اور ٹی بی کے بارے میں کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ منیر اکرم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ایشیا میں بڑی طاقتوں کے درمیان کشیدگیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ کورونا اور ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے ایشیائی ریاستوں کی اقتصادی صورتحال بگڑ رہی ہے۔ 

انٹرویو کے دوران منیر اکرم نے کہا کہ ترقی پذیر ملک کے طور پر جنرل اسمبلی میں ہماری بھرپور توجہ شمالی ممالک کی طرف سے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ ماحولیاتی معاہدوں کو یقینی بنانے پر مرکوز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایشیا کے بیشتر ممالک ماحولیاتی اثرات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ منیر اکرم کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی تاریخ میں ایک نازک موقع ہے کہ ایشیا کی بڑی طاقتوں کے درمیان کشیدگیوں کی وجہ سے آپس میں دوریاں بڑھتی جا رہی ہیں جو خطے کی ترقی میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔