نواز شریف، آصف زرداری سمیت دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن مقدمات بحال

image

مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف، سابق صدر  آصف علی زرداری اور دیگر سیاستدانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال کر دیے گئے، نیب کی جانب سے کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت کو کل پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) ذرائع کے مطابق نیب نے کرپشن کیسز کی بحالی سے متعلق رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے سپریم کورٹ فیصلے پر احتساب عدالت میں 80 کیسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، سابق آصف زرداری کےخلاف جعلی اکاؤنٹ کیسز بھی بحال ہوگئےہیں جبکہ راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس بھی کھل گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف،آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی کھل گیا ہے۔ نواز شریف، مراد علی شاہ، شاہد خاقان عباسی کے خلاف کیسز بھی بحال کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس بھی کھل گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت کو کل پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی 10 میں سے 9 ترامیم کالعدم قرار دی تھیں۔