چاول کے ریٹ کم ہونے سے کسان پریشان

image

نئی فصل مارکیٹ میں آنے کے بعد ریٹ میں واضح کمی، مہنگی کھادیں اور پانی کے اخراجات بھی پورے نہ ہوئے، دھان کے ریٹ میں 3500 روپے فی من کمی کر کے نیا 4 ہزار 5 سو روپے فی من مقرر کیا گیا ہے۔

ملتان: (اکانومی ڈیسک) دھان کی فصل پک کر تیار ہو گئی ہے، نئی فصل کے مارکیٹ میں آنے سے اس کے ریٹ میں واضح کمی آ چکی ہے۔ ریٹ میں کمی آنے کے بعد غریب کسانوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ ہم نے چار ماہ تک فصل کی دیکھ بھال کی، مہنگی کھادیں اور پانی دیا۔ اب کٹائی کا وقت آیا ہے تو ہمیں 4 ہزار روپے فی من کم ریٹ مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فی من دھان کا ریٹ 8 ہزار روپے تھا۔ نئی فصل مارکیٹ میں آنے کے بعد نیا ریٹ 4 ہزار 5 سو روپے فی من مقرر کیا گیا ہے۔ فی من دھان کے ریٹ میں 3500 روپے کی کمی کی گئی ہے۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ جب ہم فصل کی کاشت کے وقت مارکیٹ سے کھاد اور بیج خریدنے جاتے ہیں تو ہمیں مہنگے داموں کھاد اور بیج فروخت کئے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا جب ہماری باری آتی ہے فصل پک کر تیار ہو جاتی ہے تو ریٹ زمین بوس ہو جاتے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک ایک زرعی ملک ہے اور کسانوں کو ترقی دینے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔