میٹھے مشروبات گردے کی پتھری کا باعث بنتے ہیں: تحقیق

image

گردوں کی پتھری ایک تکلیف دہ مرض، مخصوص غذائیں خاص طور پر زیادہ نمک اور کیلشیئم والے کھانے پتھری پیدا کرنے کا سبب، اپنی غذائیت کا 25 فیصد سے زیادہ حصہ میٹھی چیزیں کھانے اور پینے والے افراد کو گردوں میں پتھری ہونے کے امکانات 88 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔

نیویارک: (ویب ڈیسک) گردوں میں پتھری ایک تکلیف دہ مرض ہے اور اس کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں۔ پانی کا کم استعمال گرددوں میں پتھری کا باعث بن سکتا ہے۔ اسکے علاؤہ مخصوص غذائیں خاص طور پر زیادہ نمک اور کیلشیئم والے کھانے بھی پتھری پیدا کر سکتے ہیں۔ گردے کی پتھری پیشاب کی نالی کے کسی بھی حصے کو متاثر کر سکتی ہے اور وہاں سے ان کا نکلنا کافی تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔

گردوں میں پتھری کے حوالے سے امریکی ماہرین 11 سال تک تحقیق جاری رکھی۔ تحقیق میں 28 ہزار ایسے مردوں اور خواتین کو شامل کیا گیا جن کو گردوں میں پتھری کی تکلیف کا سامنا تھا۔ ماہرین نے تمام افراد سے ان کی غذائیت سے متعلق معلوم کرنے سمیت ان کی دیگر طبی علامات کا بھی جائزہ لیا۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ اپنی غذائیت کا 25 فیصد سے زیادہ حصہ میٹھی چیزیں کھانے اور پینے والے افراد کے گردوں میں پتھری پیدا ہونے کے امکانات 88 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔ خصوصی طور پر ایسی غذاؤں اور مشروب کا استعمال گردوں میں پتھری بنانے کے امکانات کو بڑھا دیتا ہے جن میں چینی شامل کی جاتی ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ چینی اور مٹھاس بلڈ پریشر اور شوگر بڑھانے سمیت وزن بڑھانے کا بھی سبب ہیں، اسی لیے ممکنہ طور پر یہ سب چیزیں مل کر گردوں میں پتھری بنانے کے عمل کو آسان بنا دیتی ہیں۔