پاکستان کیلئے 25 کروڑ قرض کی منظوری
ایشیائی ترقیاتی بینک کا پاور ٹرانسمیشن مضبوط بنانے کا منصوبہ، رقم بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری پر خرچ کی جائے گی، پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے قابل اعتماد بجلی کی فراہمی ضروری ہے۔
اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ قرض کی رقم بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔ ٹرانسمیشن کپیسٹی میں اضافہ کرکے عوام کو قابل اعتماد سپلائی فراہم کی جائے گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے اس منصوبے سے پاور ٹرانسمیشن میں مضبوطی آئے گی۔ اس منصوبے سے قومی گرڈ کی ترسیل کی صلاحیت بڑھے گی اور اس کے استحکام کو تقویت دینے میں مدد ملے گی۔ یہ منصوبہ ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو وسعت دے کر 500 کے وی اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنوں کے لوپس کو بند کرے گا اور پرانی ٹرانسمیشن لائنوں کو تبدیل کر کے پنجاب میں لاہور شہر میں ٹرانسمیشن کے نقصانات کو کم کرے گا۔
صوبہ خیبر پختونخواہ میں پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں توسیع کی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق اس حوالے سے وسطی اور مغربی ایشیاء کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی زوکوف کا کہنا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے قابل اعتماد بجلی کی فراہمی ضروری ہے۔ انھوں نے کہا ہم توانائی کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے توانائی کی حفاظت کے حصول کی کوششوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔