چینی کمپنی نے دنیا کا تیز ترین انٹرنیٹ متعارف کرا دیا

image

 

انٹرنیٹ کا یہ تیز ترین نظام سافٹ ویئر اور ہارڈویئر سمیت چین میں تیار کیا گیا، تیز ترین انٹرنیٹ سے ایک سیکنڈ میں اعلیٰ معیار کی 150 فلمیں ٹرانسفر کرنا ممکن، اس انٹرنیٹ کی سپیڈ امریکہ کے الٹرا ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سے 3 گنا تیز ہے۔

بیجنگ: (ٹیکنالوجی ڈیسک) چینی کمپنی نے دنیا کا تیز ترین انٹرنیٹ متعارف کرا دیا ہے۔ اس تیز ترین انٹرنیٹ کی بدولت ایک سیکنڈ میں اعلیٰ معیار کی 150 فلمیں ٹرانسفر کی جا سکتی ہیں۔ انٹرنیٹ کا یہ تیز ترین نظام سافٹ ویئر اور ہارڈویئر سمیت چین میں تیار کیا گیا ہے۔

تیز ترین انٹرنیٹ کا یہ منصوبہ سنگھوا یونیورسٹی، چائنا موبائل، ہواوے ٹیکنالوجیز اور سرنیٹ کارپوریشن کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ چائنیز اکیڈمی آف انجینئرنگ سے تعلق رکھنے والے ایف آئی ٹی آئی منصوبے کے رہنما ووجیان پنگ نے کہا کہ سپر فاسٹ لائن نہ صرف ایک کامیاب آپریشن ہے، بلکہ چین کو اس سے بھی تیز انٹرنیٹ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی بھی فراہم کرتی ہے۔

واضح رہے کہ سنگھوا یونیورسٹی کے پروفیسر وو جیان پنگ اس منصوبے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وو جیان پنگ نے بتایا کہ یہ نظام آزادانہ طور پر کنٹرول کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس نیٹ ورک کو دنیا کا جدید ترین نیٹ ورک قرار دیا۔ اس انٹرنیٹ کی سپیڈ امریکہ کے الٹرا ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ سے 3 گنا تیز ہے۔