میری وفاداری ریاست پاکستان کے ساتھ ہے: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ کسی صورت برداشت نہیں پاکستان کیخلاف کارروائیاں ہوں اور افغان طالبان تماشا دیکھتے رہیں، افغانستان کے حوالے سے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔
اسلام آباد: (قومی ڈیسک) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ میری وفاداری ریاست کے ساتھ ہے، میرے لئے تمام افغان قابل احترام ہیں، افغانستان کے حوالے سے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، دہشتگردی میں ملوث عناصر کی بیخ کنی کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، افغانستان کی طرف سے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ہماری سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کررہی ہیں، امریکہ اور طالبان میں مذاکرات ضروری تھے، مذاکرات صرف ہتھیار ڈالنے والوں سے ممکن ہیں، بندوق کی نوک پر کوئی ریاست کو مجبور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے حق میں کچھ مشکل فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ کسی کو ریاست سے مذاکرات کرنا ہیں تو سب سے پہلے ہتھیار پھینکیں، ہتھیار اٹھانے کا جواز ہی ناجائز ہے، جب ہتھیار چھوڑیں گے تب سوچا جائے گا کب اور کیسے مذاکرات کئے جائیں گے، کوئی سمجھتا ہے بندوق کی نوک پر مذاکرات کریں گے تو یہ انکی غلط فہمی ہے اسے دور کرلیں۔