توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی درخواست منظور
احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں نواز شریف کا دفاع کا بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور کر لی، دوران سماعت نواز شریف کے وکیل نے موقف اپنا یا کہ ہم چاہتے ہیں سابق وزیراعظم کا موقف نیب ریکارڈ کر لے۔
اسلام آباد: (قومی ڈیسک) اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف، آصف علی زرداری ودیگر کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت آصف علی زرداری، خواجہ عبدالغنی مجید، انورمجید اور یوسف رضا گیلانی کے پلیڈر عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ملزمان کی حاضریاں لگائیں۔ سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ ایک دفاع کا بیان رہتا ہے، نیب کو نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی جائے۔
نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ تفتیشی افسر نے بیان ریکارڈ کرنا ہوتا ہے وہی کریں گے جس پر وکیل صفائی نے جواب دیا کہ ہمیں سوالنامہ دے دیں ہم جواب دے دیتے ہیں۔پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ کوئی نزدیکی تاریخ دے دیں، تفتیشی افسر بیان ریکارڈ کر لیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔عدالت نے بیان قلمبند کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی۔