جوش ہیزل ووڈ کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بڑا بیان

image

آسٹریلین پیسر جوش ہیزل ووڈ کی میڈیا سے گفتگو، ورلڈ کپ 2023ء کی فتح کو بڑی فتح قرار دے دیا، ہزاروں تماشائیوں کے سامنے ورلڈ ٹائٹل جیتنا یقیناً شاندار فتح ہے۔

احمدآباد: (اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلین پلیئرز نے 2023ء کی ون ڈے ورلڈ کپ فتح کو 2015ء کی جیت سے بڑا قرار دے دیا ہے۔ احمد آباد کے مودی اسٹیڈیم میں 90 ہزار سے زائد شائقین کے سامنے کینگروز نے بھارتی ٹیم کے ارمان ٹھنڈے کر دیے۔ جوش ہیزل ووڈ نے اس موقع پر کہا کہ میرے خیال میں ہماری حالیہ فتح 2015ء کی جیت سے بھی بڑی ہے۔

آسٹریلین پیسر کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ہم نے اپنے ہوم گراؤنڈ اور ملکی شائقین کے سامنے یہ ٹرافی جیتی تھی۔ ہم نے یہاں بھارت میں میزبان ٹیم کے خلاف مختلف کنڈیشنز میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ مارنس لبوشین نے کہا کہ ہم نے آج جو حاصل کیا وہ ناقابل یقین ہے، یہ ہماری بہترین کامیابی ہے۔

پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ٹریوس ہیڈ نے کہا کہ ہم خوش قسمت رہے کہ سب چیزیں ہمارے موافق رہیں۔ میں اگرچہ کچھ نروس تھا، مارنس نے بھی غیر معمولی اننگز کھیلی۔ انڈین کپتان روہت بدقسمت رہے، ہمارے لئے تاریخی موقع کا حصہ بننا خوش آئند ہے۔