کینسر کا باعث بننے والی غذائیں
الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے غذائی نالی میں کینسر کا خطرہ، ان غذاؤں میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزاء کی کافی زیادہ موجود، الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے سر اور گلے کے کینسر کا خطرہ 23 فیصد بڑھ جاتا ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ کینسر ایک جان لیوا بیماری ہے اور اس کی مختلف اقسام ہیں۔ آج ہم کینسر کا باعث بننے والی غذاؤں کے بارے میں بات کریں گے۔ ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے کینسر کی متعدد اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں کو زیادہ کھانے سے منہ، حلق اور غذائی نالی سمیت کینسر کی مختلف اقسام کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ الٹرا پراسیس غذاؤں کو تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کیا جاتا ہے۔ ان غذاؤں میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کیلئے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے سر اور گلے کے کینسر کا خطرہ 23 فیصد بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح غذائی نالی کے کینسر کا خطرہ 24 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔