ملکی برآمدات کو 100 ارب ڈالرز تک پہنچانے کی حکمت عملی تیار

چینی صدر اور وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے پلان پر عمل درآمد شروع، چین کا مارکیٹ میں ٹیکسٹائل اور نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کا پلان بھی تیار، آئندہ ماہ پاکستانی صنعت کاروں کا وفد وزیرِ تجارت کے ہمراہ چین کا دورہ کرے گا۔
اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) حکومت نے ملکی برآمدات کو بڑھانے کا پلان تیار کر لیا ہے۔ چینی صدر شی جین پنگ اور وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے پلان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔ وزیرِ تجارت و صنعت گوہر اعجاز نے برآمدات کو 100 ارب ڈالرز تک پہنچانے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق چین نے پاکستانی مصنوعات کو بڑے پیمانے پر برآمد کرنے کا پلان تیار کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ چین نے مارکیٹ میں ٹیکسٹائل اور نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کا پلان بھی تیار کر رکھا ہے۔ وژن پاکستان کے تحت برآمدات 100 ارب ڈالرز تک پہنچائی جائیں گی۔
آئندہ ماہ پاکستانی صنعت کاروں کا وفد وزیرِ تجارت کے ہمراہ چین کا دورہ کرے گا۔ چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے کے پلان پر بات چیت ہو گی۔ ملک کی سب سے بڑی کمپنیوں کے سربراہان کا وفد بھی چین کے دورے پر روانہ ہو گا۔