پیٹ کی گیس سے نجات کیلئے مفید غذائیں

image

ہلدی کا پیٹ پھولنے کے مسئلے سے بچانے میں اہم کردار، کیلے میں موجود پوٹاشیم اور دیگر غذائی اجزاء معدے کیلئے مفید، پودینے کی چائے پینے سے پیٹ پھولنے اور گیس کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اکثر اوقات کھانا کھانے کے بعد کچھ لوگوں کو پیٹ پھولنے اور پیٹ میں گیس پیدا ہو جانے کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے۔ اس مسئلے کا شکار لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آج ہم ان غذاؤں کے بارے میں بات کریں گے جو پیٹ پھولنے اور گیس کے مسئلے سے پریشان افراد کیلئے مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

ان غذاؤں کے استعمال سے پیٹ پھولنے کے مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔ کھانے سے قبل ایک کیلا کھانے سے پیٹ پھولنے کے مسئلے سے بچا جا سکتا ہے۔ کیلے میں پوٹاشیم اور دیگر غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو معدے میں موجود بیکٹریا کو اضافی گیس بنانے سے روکتے ہیں۔ ہلدی بھی پیٹ پھولنے کے مسئلے سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ہلدی کے استعمال سے نظام انہضام میں بہتری آتی ہے۔ 

پودینے کی چائے پینے سے پیٹ پھولنے اور گیس کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ادرک بھی نظام ہاضمہ کو فائدہ پہنچاتی ہے، معدہ جلد خالی ہوتا ہے جس سے پیٹ پھولنے کے مسئلے کا سامنا نہیں ہوتا۔ سونف سے غذائی نالی کو سکون ملتا ہے اور اس کے نتیجے میں اضافی گیس زیادہ آسانی سے معدے سے گزر جاتی ہے۔ سونف استعمال کرنے سے پیٹ پھولنے کے مسئلے کا سامنا نہیں ہوتا۔