مونگ پھلی کھانے کے بے شمار فائدے

مہنگی گریوں کے مقابلے میں سستی مونگ پھلی غذائی اجزاء سے بھرپور، مونگ پھلی میں موجود چکنائی سے کولیسٹرول لیول کم، مونگ پھلی کھانے سے دماغی صحت بہتر، وٹامن بی 3 سے بھرپور ہونے کے باعث مونگ پھلی جِلد کی صحت کیلئے بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)ہوت سردیوں کے موسم میں مونگ آسانی سے دستیاب ہوتی ہے اور بیشتر افراد اسے کھانا پسند کرتے ہیں۔ آج ہم جانیں گے کہ مونگ پھلی کھانے کے صحت پر کیا اثرات ے ہیں۔ مونگ پھلی غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہے اور مہنگی گریوں کے مقابلے میں سستی بھی ہے۔
مونگ پھلی کھانا صحت کیلئے بہت مفید ہے۔ مونگ پھلی پروٹین، چکنائی اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہے۔ مونگ پھلی میں موجود چکنائی کی یہ قسم صحت کیلئے بے حد مفید ہوتی ہے، اس چکنائی سے کولیسٹرول لیول کم ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مونگ پھلی میگنیشم، فولیٹ، وٹامن ای، کاپر، کیلشیئم، آئرن، زنک، فاسفورس، وٹامن بی 3، وٹامن بی 1، وٹامن بی 6 اور وٹامن بی 2 کے حصول کا بھی اچھا ذریعہ ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق مونگ پھلی دل کی صحت کیلئے بھی انتہائی مفید ہے اور یہ اخروٹ اور باداموں جتنا ہی فائدہ پہنچاتی ہے۔ اس کو کھانے سے کولیسٹرول لیول میں کمی آتی ہے جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اسی طرح مونگ پھلی کو کھانے کی عادت بلڈ کلاٹس کی روک تھام بھی کرتی ہے جس سے ہارٹ اٹیک یا فالج سے بچنا ممکن ہوتا ہے۔
مونگ پھلی کھانے سے دماغی صحت بہتر ہوتی ہے اور دماغی تنزلی کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔مونگ پھلی کو کھانے سے بلڈ شوگر کی سطح میں اضافہ نہیں ہوتا۔ مونگ پھلی فائبر کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے جس سے نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے اور جسمانی ورم میں کمی آتی ہے۔
ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو لوگ مونگ پھلی سمیت کسی بھی قسم کی گری کھانے کے عادی ہوتے ہیں ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ وٹامن بی 3 سے بھرپور ہونے کے باعث مونگ پھلی جِلد کی صحت کیلئے بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔ وٹامن بی 3 اعصابی نظام، نظام ہاضمہ اور جِلد کیلئے بہت اہم ہوتا ہے اور غذا کے ذریعے اس کے زیادہ استعمال سے عمر بڑھنے کے ساتھ جھریاں ابھرنے کا امکان کم کرتا ہے۔