سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 554 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات آج ختم ہوں گی

image

ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کے آخری روز نگر کیرتن کا روایتی جلوس نکالا گیا، جلوس میں بھارت سمیت مختلف ملکوں سے آئے سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔

ننکانہ صاحب: (قومی ڈیسک) ننکانہ صاحب بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات نگرکیرتن کا روایتی جلوس نکالا گیا، سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 554 ویں جنم دن کی تین روزہ  تقریبات کے آخری روز ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان سے نگر کیرتن کا روایتی جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں بھارت سمیت مختلف ملکوں سے آئے سکھ یاتریوں نے شرکت کی، جلوس گوردوارہ کیارہ صاحب پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور  انیق احمد نے بھی تقریبات میں شرکت کی۔

 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ننکانہ صاحب کے گوردواروں کی تزئین و آرائش کے لیے فنڈز مختص کر دیے ہیں، سکھ یاتری اپنے اپنے ملکوں میں جا کر بتائیں کہ پاکستان محبت کرنے والوں کی سرزمین ہے۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر  نے بھی ننکانہ میں گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا اور سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے اٹھائےگئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات رات گئے ارداس اور بھوگ رسم کے بعد ختم ہوں گی۔