بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی ٹیمیں پاکستان کے کرکٹرز کو این او سی ملنے کے انتظار میں

پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو تاحال این او سی جاری نہیں کیا، اور نیشنل ٹی 20 کپ کے دوران کرکٹرز کو این او سی جاری نہ ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد: (سپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو ابوظبی ٹی ٹین اور آسٹریلین بگ بیش لیگ میں شرکت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ پی سی بی پاکستانی کھلاڑیوں کو این او سی جاری نہیں کرے گا، آل راؤنڈر عماد وسیم نے اس لئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا کیوں کہ انہیں بھی این او سی کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا۔
پی سی بی کے ساتھ عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کئے تھے۔ اب ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی سفارش پر کسی کھلاڑی کو این اوسی جاری کیا جائے گا۔ ٹی ٹین لیگ کا آغاز منگل سے ہونا ہے، پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ابھی تک کسی پاکستانی کھلاڑی کو ٹی ٹین اور بگ بیش کے لئے این او سی جاری نہیں کی گئی ہے، این ا و سی جاری کرنے کے بارے میں بھی بتانے سے گریز کیا گیا۔ حارث رؤف نے ٹیسٹ ٹیم میں شامل ہونے سے انکار کرکے پی سی بی انتظامیہ کو ناراض کیا، حارث کے علاوہ اسامہ میر اور زمان خان نے آسٹریلیا جا نا ہے۔
ٹی ٹین کے لئے افتخار احمد، شاداب خان، محمد حارث، شاہ نواز دھانی، حسن علی، زمان خان اور اسامہ میر سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں کے نام مختلف ٹیموں میںموجود ہیں۔ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کے علاوہ کئی نوجوان کھلاڑی بھی این او سی کے منتظر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی این او سی پر سختی کرنا چاہتا ہے، وہ کھلاڑی جو قو می ڈیوٹی کو انظر انداز کرکے غیر ملکی لیگز کھیلتے ہیں اور پھر پاکستان ٹیم کو اہمیت نہیں دیتے ان کے حوالے سے سخت پالیسی بنائی جارہی ہے، منگل کو ڈائریکٹر محمد حفیظ پریس کانفرنس میں این او سی پر پالیسی بیان دے سکتے ہیں۔ بگ بیش کا آغاز 7 دسمبر سے ہورہا ہے، قومی ٹی ٹوئنٹی دس دسمبرکو ختم ہوگا اس وقت تک این او سی کا کوئی امکان نہیں ہے۔