سکھ کمیونٹی نے نیویارک میں بھارتی سفیر کو آڑے ہاتھوں لے لیا

image

 

بھارتی سفیر ترنجیت سنگھ سندھو سے سکھ کمیونٹی کے سخت سوالات، بھارتی سفیر کو گردوارے سے بھاگنا پڑ گیا، سکھوں نے بھارتی سفیر کی گاڑی کے سامنے خالصتان کے پرچم لہرا دیے۔ 

نیویارک: (ویب ڈیسک) کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد مودی سرکار کو دنیا بھر میں سکھ برادری کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔  تفصیلات کے مطابق نیویارک میں بھارتی سفیر گردوارے میں پہنچے تو سکھوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔ بھارتی سفیر ترنجیت سنگھ سندھو کو دیکھتے ہی سکھوں نے خالصتان کے نعرے لگانے شروع کر دیے۔ 

بھارتی سفیر جونہی گردوارے میں داخل ہوئے تو سکھ کمیونٹی نے ان سے سخت سوالات پوچھنا شروع کر دیے۔ سکھوں کے سوالات سننے کے بعد بھارتی سفیر بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے۔ بھارتی سفیر سے سکھ کمیونٹی نے سوال کیا کہ مودی حکومت سکھ رہنماؤں کو کیوں قتل کروا رہی ہے؟ کیا بھارتی حکومت اب کرپتونت سنگھ پنوں کو بھی قتل کروانا چاہتی ہے؟ 

بھارتی سفیر سکھ کمیونٹی کی جانب سے کیے جانے والے سخت سوالات سن کر گردوارے سے بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ گردوارے میں موجود سکھ کمیونٹی نے بھارتی سفیر کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔ وہاں پر موجود سکھ کمیونٹی نے بھارتی سفیر ترنجیت سنگھ سندھو کی گاڑی کے سامنے خالصتان کے پرچم لہرا دیے۔