پی سی بی نے ایشین کونسل سے چارٹرڈ فلائٹس کے پیسے طلب کر لئے

image

پاکستانی حکام کا اے سی سی سے رابطہ، ٹیموں کو پاکستان سے سری لنکا منتقل کرنے پر اضافی رقم فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا، ایشیاء کپ کے صرف 4 میچز پاکستان جبکہ بقیہ میچز سری لنکا میں کروائے گئے تھے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) ایشیاء کپ کے حوالے سے پاکستان نے ایشین کرکٹ کونسل سے اپنا حق طلب کر لیا ہے۔ پی سی بی نے ٹیموں کی سری لنکا منتقلی پر اضافی اخراجات کی رقم بھی مانگ لی ہے۔ ایشیاء کپ کا انعقاد رواں برس ہوا تھا جس میں  پہلے پاکستان کو مکمل ایونٹ کی میزبانی کرنا تھی۔

دورے سے قبل بھارتی انکار پر سری لنکا کو بیشتر میچز کرانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا تھا۔ پاکستانی میدانوں پر صرف 4 ہی میچز ہو سکے تھے۔ ٹیموں کو سری لنکا لے جانے اور واپس پاکستان لانے پر اضافی رقم بھی خرچ کی گئی تھی۔ پاکستان نے اے سی سی سے چارٹرڈ فلائٹ کے اخراجات ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پی سی بی حکام نے کہا ہے کہ مکمل ایونٹ پاکستان میں نہ کرانا ایشین کونسل کا ہی فیصلہ تھا، اضافی اخراجات بھی اسی کو برداشت کرنے چاہییں۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں چارٹرڈ فلائٹ کے اخراجات کی منظوری لی گئی تھی۔ پاکستانی ٹیم کو افغانستان سے سیریز کے بعد وطن واپس آنا اور پھر اگلے میچ کیلیے دوبارہ سری لنکا جانا تھا۔