وفاقی حکومت نے عمران ریاض اور سمیع ابراہیم کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے

image

دونوں صحافیوں کے نام انکوائریوں کے باعث ای سی ایل میں شامل کیے گئے، پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری، بابر اعوان کا نام دسمبر 2023ء میں القادر ٹرسٹ کیس کے باعث ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔ 

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے مزید صحافیوں کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف صحافی عمران ریاض خان اور سمیع ابراہیم کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے کل 24 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ 

اطلاعات کے مطابق وزارت داخلہ نے سرکولیشن کے ذریعے وفاقی کابینہ سے ان افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری لی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق دونوں صحافیوں کے نام انکوائریوں کے باعث ای سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ معروف صحافی عمران ریاض خان کو متعدد بار گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ 

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں گزشتہ سال دسمبر میں ڈاکٹر بابر اعوان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔