عازمین حج کو حجازِ مقدس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن کا 9 مئی سے آغاز

image

وزارتِ مذہبی امور نے حج 2024ء کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی، حج آپریشن ملک بھر کے 8 ہوائی اڈوں کے ذریعہ مکمل کیا جائے، رواں سال کراچی ایئرپورٹ پر پہلی بار روڈ ٹو مکہ سروس شروع ہوگی۔ 

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزارتِ مذہبی امور نے حج 2024ء کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ عازمینِ حج کو حجاز مقدس پہنچانے کیلئے فلائٹ آپریشن 9 مئی سے شروع ہوگا اور 9 جون تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ وزارت کے ترجمان کے مطابق حج آپریشن ملک بھر کے 8 ہوائی اڈوں کے ذریعہ مکمل کیا جائے گا۔ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت کوئٹہ، سکھر، سیالکوٹ، رحیم یار خان ایئر پورٹس پر آپریشن جاری رہے گا۔ 

پشاور کے عازمین اسلام آباد ایئرپورٹ سے سعودی عرب جائیں گے۔ فیصل آباد کے عازمین لاہور ایئرپورٹ سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گے۔ رواں سال کراچی ایئرپورٹ پر پہلی بار روڈ ٹو مکہ سروس شروع ہوگی۔ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت جانے والے عازمین کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی۔ 4 ایئرلائنز حج فلائٹ آپریشن میں حصہ لیں گی جن میں سعودی ایئر لائن، پی آئی اے، سیرین ایئر لائن اورایئربلیو شامل ہیں۔ 

عازمینِ حج کی ویکسینشن کا عمل 30 اپریل سے 10 حاجی کیمپوں میں شروع ہوگا۔ سرکاری حج اسکیم کے تحت 69 ہزار 500 عازمینِ حج حجازِ مقدس جائیں گے۔ دوسری جانب وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری اسکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ملک بھر میں کوآرڈینیٹر مقرر کر دیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزارتِ مذہبی امور نے سمندر پار مقیم عازمینِ حج سے کہا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ حج افسر کے ساتھ رابطے میں رہیں اور پاک حج ایپ پر اپنی حج پرواز کا شیڈول چیک کر لیں، پرواز سے 10 روز قبل یا اپنے متعلقہ حج افسر کی ہدایات کے مطابق وہ پاکستان پہنچیں اور اپنے پاسپورٹ جمع کروائیں۔