اسلام آباد ہائیکورٹ نے خطوط کے معا ملہ پر تمام ججز سے آراء مانگ لی

image

اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر اہم پیش رفت، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر ہائی کورٹ کے تمام ججز سے تجاویز مانگ لیں۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے آفس نے تمام ججز سے پیر تک تجاویز مانگ لیں ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ اسلام آباد سے بھی تجاویز طلب کرلی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوموار تک تمام ججز کو تجاویز بھجوانے کی ہدایت کردی ہے، ججز کو سپریم کورٹ کے حکمنامہ کی کاپی بھی بھجوا دی گئی ہے، ججز کی تجاویز کے بعد فل کورٹ بلانے یا نہ بلانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا جس میں عدلیہ میں خفیہ اداروں کی مداخلت کا الزام عائد کیا تھا، ججز نے اس معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل سے رہنمائی مانگی تھی۔ اس معاملے پر  چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لے کر کیس سماعت کےلیے مقرر کردیا تھا۔