ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

image

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، وفاقی وزیر حسین پیرزادہ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا، ایران کے صدر 24 اپریل تک پاکستان میں قیام کریں گے۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وفاقی وزیر حسین پیرزادہ نے نورخان ایئر بیس پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا، پاکستانی ثقافت کے مطابق بچوں نے انہیں گلدستے پیش کئے، ایرانی خاتون اول، وزیر خارجہ، کابینہ ارکان، اعلیٰ حکام اور بڑا تجارتی وفد بھی ان کے ساتھ ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر 24 اپریل تک پاکستان میں قیام کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران کے صدر دورے کے دوران پاکستانی ہم منصب، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے، ایرانی صدر کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں بھی ہونگی۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل سے 24 اپریل تک اسلام آباد، لاہور اور کراچی دورہ کریں گے۔

کراچی میں ایرانی صدر کی وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے ملاقاتیں ہوں گی، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے۔ ایرانی صدر کل بروز منگل کراچی پہنچیں گے، اس موقع پر کمشنر کراچی نے شہر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق شہر قائد میں تمام نجی، سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔