الزامات کی بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے: وزیراعظم

image

وزیراعظم شہبازشریف نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے، انہوں نے کہا ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) وزیراعظم نے کہا کہ ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے، الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے، انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیا جاسکتا ہے۔ اپنے مبارکباد کے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے، مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے والے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہو رہی ہے، معاشی بہتری اور عوامی ریلیف میں اضافے کے ساتھ آنے والے وقت میں عوامی رائے مزید تبدیل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں، خبر رساں اداروں اور سروے میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے، 8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی اُن کے حامیوں اور عوام کو بد دل اورمایوس کیا ہے۔