پی ٹی آئی دور حکومت کی وفاقی کابینہ کے ارکان کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے

image

پی ٹی آئی دور حکومت کی وفاقی کابینہ کے ارکان کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا نام بھی ای سی ایل سے نکال دیا، بانی پی ٹی آئی کا نام ای سی ایل میں برقرار رہے گا۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) شہباز شریف حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی دور حکومت کی وفاقی کابینہ کے ارکان کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے۔ ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور زلفی بخاری کے نام ای سی ایل میں برقرار رہیں گے۔ یاد رہے کہ موجودہ وفاقی کابینہ نے پی ٹی آئی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا نام بھی ای سی ایل سے نکال دیا، غلام سرورخان، مراد سعید، پرویز خٹک، شفقت محمود کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے۔  ای سی ایل سے نکالے جانے والوں میں اعجاز شاہ، علی زیدی، خسروبختیار اور اعظم سواتی کے نام شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسد عمر، عمر ایوب، محبوب سلطان اور فواد چودھری کے نام بھی ای سی ایل سے نکال دیئے گئے ہیں ۔ ای سی ایل سے نکالے جانے والے ناموں میں فروغ نسیم، شیریں مزاری اور دیگر نام شامل ہیں۔ وفاقی حکومت نے نیب کی سفارش پر نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی۔