جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلباء کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

image

 

امریکی جامعات کے اساتذہ اور طلباء کے نام مراسلہ جاری، مراسلے پر 210 اساتذہ نے دستخط کیے، امریکہ کی 40 سے زائد یونیورسٹیز کے احتجاجی اقدام کا خیر مقدم، جامعہ کراچی کے اساتذہ امریکی یونیورسٹیز کے اساتذہ اور طلباء کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ 

کراچی: (نیوز ڈیسک) پاکستان کی سب سے بڑی یونیورسٹی جامعہ کراچی کے اساتذہ نے غزہ سے متعلق احتجاج کرنے والی امریکی جامعات کے اساتذہ اور طلباء سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جامعہ کراچی کے 200 سے زائد اساتذہ نے اپنے دستخط کے ساتھ ایک مراسلہ جاری کیا ہے۔ دستخط شدہ مکتوب امریکہ کی مختلف یونیورسٹیز کے اساتذہ اور طلباء کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ 

مراسلے میں امریکہ کی 40 سے زائد یونیورسٹیز کے احتجاجی اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں بے پناہ سراہا گیا ہے۔ مکتوب میں کراچی یونیورسٹی کے اساتذہ نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جاری فلسطینی نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جامعہ کراچی کے طلباء اور اساتذہ نے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والے ممالک پر بھی کڑی تنقید کی ہے۔ 

امریکی یونیورسٹیز کو بھیجے گئے مراسلے میں امریکہ اور دیگر ممالک کی جانب سے اسرائیل کی جنگی معاونت کرنے کو قابل مذمت اقدام قرار دیا گیا ہے۔ جامعہ کراچی کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ اس جدوجہد میں امریکی یونیورسٹیوں کے اساتذہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مراسلے میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ پرامن دنیا اور فلسطین کی آزادی کیلئے مل کر آواز بلند کرتے رہیں گے۔